کالاباغ (کیو این این ورلڈ) پنجاب کے علاقے کالاباغ میں ڈیزل سمگلنگ کے الزام میں دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ بھی درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں سب انسپکٹر مطیع الرحمٰن اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر احمد خان شامل ہیں جن پر غیر قانونی طور پر ڈیزل سمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ معاملے کی اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار عظیم کھرل نے دونوں اہلکاروں کو طلب کیا اور خود ابتدائی انکوائری کی۔

ذرائع کے مطابق ڈی پی او کی جانب سے کی جانے والی ابتدائی انکوائری کے دوران دونوں پولیس افسران کے خلاف لگائے گئے الزامات درست ثابت ہوئے جس کے بعد انہیں فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اس معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تفتیشی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو ڈیزل سمگلنگ کے نیٹ ورک اور اس میں ممکنہ طور پر ملوث دیگر افراد کے بارے میں بھی تحقیقات کر رہی ہے۔

تفتیشی ٹیم کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں سے پوچھ گچھ جاری ہے اور تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر مزید کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے