ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) لوک موسیقی اور صوفیانہ کلام کے بے تاج بادشاہ استاد پٹھانے خان کو ہم سے بچھڑے 26 برس بیت گئے۔ 1926 میں کوٹ ادو کی بستی تمبو والی میں پیدا ہونے والے اس عظیم گلوکار کا اصل نام غلام محمد تھا۔ انہوں نے بنیادی طور پر سرائیکی زبان میں کافیاں اور غزلیں گا کر عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔

استاد پٹھانے خان کو غزل، کافی اور لوک گیتوں پر عبور حاصل تھا۔ انہوں نے خواجہ غلام فرید، بابا بلھے شاہ اور پیر مہر علی شاہ جیسے عظیم صوفی شعرا کے عارفانہ کلام کو اپنی مخصوص آواز میں ڈھال کر سامعین پر سحر طاری کیا۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں 1979 میں صدارتی حسنِ کارکردگی ایوارڈ سے نوازا، جبکہ انہوں نے مجموعی طور پر 79 مختلف اعزازات اپنے نام کیے۔

سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو بھی ان کی درد بھری آواز کے معترف تھے۔ ان کا پڑھا ہوا کلام "میڈا عشق وی توں میڈا یار وی توں” اور "الف اللہ چنبے دی بوٹی” آج بھی دنیا بھر میں ان کی پہچان ہے۔ صوفیانہ موسیقی کا یہ درخشندہ ستارہ 9 مارچ 2000 کو کسمپرسی کے عالم میں انتقال کر گیا اور کوٹ ادو میں آسودہ خاک ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے