رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار) چوچک روڈ پر تیز رفتار کار کا ٹائر برسٹ ہونے کے باعث موٹر سائیکل رکشہ سے تصادم کے نتیجے میں خواتین سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رینالہ خورد کے نواحی علاقے چوچک روڈ پر ایک تیز رفتار کار کا اچانک ٹائر پھٹ گیا، جس کے باعث ڈرائیور کار پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی سامنے سے آنے والے موٹر سائیکل رکشہ سے جا ٹکرائی۔ اس خوفناک حادثے میں رکشہ ڈرائیور محمد اسلم سکنہ چک چار جی ڈی اور رکشہ میں سوار خواتین سمیت پانچ افراد لہو لہان ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کے بعد سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جسے پولیس نے موقع پر پہنچ کر بحال کروایا۔
مقامی پولیس نے حادثے کا شکار ہونے والی دونوں گاڑیوں کو قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔