اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رینالہ خورد کا اچانک دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، اسسٹنٹ کمشنر صائمہ نذیر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

کمشنر ساہیوال نے ہسپتال کے مختلف شعبوں بشمول ایمرجنسی، انڈور، آؤٹ ڈور، میڈیکل اور سرجیکل وارڈز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر ڈائلسز یونٹ کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کی جانچ پڑتال کی۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے وارڈز میں موجود مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے مفت ادویات کی فراہمی اور عملے کے رویے سے متعلق دریافت کیا۔

دورے کے دوران کمشنر ساہیوال نے ہسپتال کی فارمیسی اور لیبارٹری کا بھی معائنہ کیا اور وہاں موجود ادویات کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام ضروری ادویات کا اسٹاک وافر مقدار میں موجود ہونا چاہیے اور مریضوں کو باہر سے دوائی لانے پر مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو تلقین کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی محنت اور انسانی ہمدردی کے جذبے سے سرانجام دیں۔

ڈاکٹر آصف طفیل نے ایمرجنسی وارڈ میں 24 گھنٹے اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مثالی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب صحت عامہ کی معیاری سہولیات کے لیے وسیع تر اقدامات کر رہی ہے اور ان ثمرات کو عوام تک پہنچانے کے لیے ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا۔

علاوہ ازیں، کمشنر ساہیوال نے ہسپتال میں قائم نگہبان رمضان دسترخوان کا بھی دورہ کیا اور وہاں روزے داروں کے لیے کیے گئے انتظامات اور کھانے کے معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مستحق افراد کو عزتِ نفس کے ساتھ سحر و افطار کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے