گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمدرمضان نوشاہی) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان 7 مقابلے ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک اور 6 ریکارڈ یافتہ ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کے علاقے میں ہونے والے مقابلے میں ہلاک ڈاکو کی شناخت بلال کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس کو راہزنی اور چوری کی 25 سے زائد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا، پولیس کے مطابق بلال اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کا نشانہ بنا جبکہ اس کا ہمراہی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
دیگر کارروائیوں میں تھانہ سبزی منڈی، تتلے عالی، کھیالی، واہنڈو اور اروپ کے علاقوں میں پولیس ناکوں سے فرار کی کوشش کرنے والے 6 منشیات فروش حادثات کا شکار ہو کر زخمی حالت میں پکڑے گئے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں چرس اور ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔
سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے ان واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ایس پیز سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پیز کی زیر نگرانی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر شہر بھر میں ناکہ بندی سخت کر دی گئی ہے۔
سی پی او کا کہنا ہے کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کی بیخ کنی ناگزیر ہے، اور پولیس اپنے فرائض کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔