واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کے اندر تقریباً 2 ہزار اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جس سے خطے میں جاری جنگ کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔
سینٹکام کے مطابق ان حملوں میں ایرانی آبدوز سمیت 17 بحری جہازوں کو تباہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اب خلیج عرب، آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں کوئی بھی ایرانی بحری جہاز موجود نہیں رہا۔
امریکی حملوں کے جواب میں ایران کی جانب سے بھی شدید ردعمل سامنے آیا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران نے 500 بیلسٹک میزائل اور 2 ہزار سے زائد ڈرونز داغے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران میں سب کچھ تباہ کر دیا گیا ہے اور وہاں کی فضائیہ، بحریہ اور قیادت کو ختم کر دیا گیا ہے، اب ایران امریکہ سے بات کرنا چاہتا ہے لیکن بہت دیر ہو چکی ہے۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ جب تک تمام اہداف حاصل نہیں ہو جاتے ایران کے خلاف جنگ جاری رہے گی، جبکہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکہ ایرانی میزائل پیڈز اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مقاصد کے حصول تک فوجی کارروائیاں مسلسل جاری رکھی جائیں گی۔