اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے صدر اردوان سے گفتگو کرتے ہوئے برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے حالیہ حملوں کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے ترک صدر کو خلیجی قیادت کے ساتھ اپنے حالیہ روابط سے بھی آگاہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں بحران کے حل کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

دونوں عالمی رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے تمام فریقین زیادہ سے زیادہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے برادر ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے صدر اردوان کو افغانستان کے تناظر میں ہونے والی حالیہ پیش رفت اور "آپریشن غضب للحق” کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس حساس معاملے پر مسلسل رابطے میں رہنے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکیے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کے خلاف عالمی سطح پر مشترکہ آواز اٹھاتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے