میہڑ(کیو این این ورلڈ/منظورعلی جوئیہ) میہڑ کے نواحی گاؤں مٹھو ماچھی میں رشتہ نہ دینے کی مبینہ رنجش پر افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مسلح ملزم نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے آٹھ روز قبل شادی کرنے والی خاتون کو قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقتولہ کے اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔
تفصیلات کے مطابق گاؤں مٹھو ماچھی میں نامزد ملزم نواز سولنگی مبینہ طور پر مقتولہ کو اغوا کرنے کی نیت سے اس کے گھر پہنچا۔ مقتولہ کے شوہر کے مطابق ملزم اس کی بیوی کو زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ مزاحمت کرنے پر ملزم نے طیش میں آ کر گھر کے اندر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہو گئی۔
گھر میں موجود اہل خانہ نے زخمی خاتون کو فوری طبی امداد کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ مقتولہ کی شادی محض آٹھ روز قبل ہوئی تھی، جس کے باعث خوشیوں والا گھر اچانک صفِ ماتم میں بدل گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد نعش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور بہت جلد ملزم کو گرفتار کرلیا جائے گا۔