ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار احسان اللہ ایاز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اورپنجاب پولیس کے سربراہ (آئی جی پنجاب) کے ویژن کے مطابق شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈی پی او ننکانہ صاحب فراز احمد نے ضلع بھر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے تھانہ فیض آباد، پولیس چوکی کیو بی لنک، پولیس چوکی سوکڑ نہر اور تھانہ مانگٹانوالا میں کھلی کچہریاں لگائیں، جہاں شہریوں کی درخواستیں اور شکایات سنی گئیں اور موقع پر ہی فوری حل کے لیے متعلقہ پولیس افسران کو احکامات جاری کیے گئے۔
اس موقع پر ڈی پی او کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کی پولیس افسران تک براہِ راست رسائی کو یقینی بنانا اور انصاف کی بروقت فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پولیس اور عوام کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوگا اور مقدمات و درخواستوں میں شفاف اور منصفانہ تفتیش کو یقینی بنایا جائے گا۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ ان کے دفتر یا کھلی کچہری میں موصول ہونے والی شکایات اور درخواستوں پر عملدرآمد کے حوالے سے متعلقہ افسران کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
دریں اثناء ڈی پی او نے فیض آباد میں قائم نگہبان رمضان بازار کا بھی دورہ کیا، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور دیگر سہولیات چیک کیں۔ انہوں نے حکومتی احکامات کے مطابق اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کی ریٹ لسٹوں کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود عملے کو شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سرکل بڑا گھر ایوب ساہی سمیت دیگر پولیس افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔