ڈھاکا (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے بنگلادیش کے دورے کے دوران ماضی کی مقبول ترین پاکستانی فلم اسٹار شبنم سے ڈھاکا میں ایک خصوصی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی رشتوں اور ماضی کی خوبصورت یادوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات کا مستقبل دونوں ممالک کی نئی نسل کی امیدوں، خوابوں اور امنگوں سے وابستہ ہے، اور فن و ثقافت ان روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ احسن اقبال نے برِصغیر کی اس لیجنڈری اداکارہ کی فنی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے کام کی تعریف کی۔
لیجنڈری اداکارہ شبنم نے اس ملاقات کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے خود ان سے ملاقات کے لیے رابطہ کیا تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اگرچہ ان کی طبیعت کچھ ناساز تھی، لیکن انہیں یہ سن کر دلی خوشی ہوئی کہ پاکستان سے ایک اہم شخصیت ان سے ملنے کی خواہش مند ہے، لہٰذا وہ ان کی محبت کا جواب دینے کے لیے پاکستانی سفارت خانے پہنچ گئیں۔ شبنم کا کہنا تھا کہ احسن اقبال کے ساتھ ہونے والی گفتگو نہایت دلچسپ اور سنجیدہ تھی جس میں انہوں نے ماضی کے سنہری دور کو یاد کیا۔ وفاقی وزیر نے ان سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بچپن سے ان کے بڑے مداح رہے ہیں اور انہوں نے شبنم کی بے شمار فلمیں سینما گھروں میں بڑے شوق سے دیکھی ہیں۔
وفاقی وزیر کی جانب سے اپنی اداکاری کی تعریف کیے جانے پر اداکارہ شبنم نے مسکراہٹ کے ساتھ ان کا شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اداکارہ نے پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان عوامی رابطوں کو سہل بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کراچی اور ڈھاکا کے درمیان فضائی راستہ بحال کرنے اور براہِ راست پروازوں کے آغاز پر وزیر اعظم شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے اور باہمی تعلقات میں بہتری آئے گی۔