گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمدرمضان نوشاہی) سابق خاتون اول کی قریبی دوست فرحت شہزادی عرف فرح گوگی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے خلاف تھانہ صدر میں فراڈ اور دھوکہ دہی کی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس ایف آئی آر میں مسلم لیگ (ن) کے سابق صوبائی وزیر چوہدری اقبال گجر کو بھی نامزد کیا گیا ہے، جو فرح گوگی کے سسر اور احسن جمیل کے والد ہیں۔

مقدمے کی تفصیلات کے مطابق ایف آئی آر میں چوہدری اقبال گجر کے بیٹوں، بھائی، بھتیجے اور ہاؤسنگ سوسائٹی کے مینیجر سمیت دیگر ملازمین کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ سوسائٹی 2005 میں قائم کی گئی تھی، جس کی باقاعدہ منظوری پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں جی ڈی اے (گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی) سے حاصل کی گئی۔

ایف آئی آر میں سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملزمان نے سوسائٹی کے نقشے میں پارک، اسکول اور قبرستان کے لیے مختص کی گئی سرکاری اراضی کو غیر قانونی طور پر فروخت کیا۔ ملزمان پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے جعلی دستاویزات تیار کیں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مختص زمینوں پر قبضہ کر کے انہیں تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا، جس سے قومی خزانے اور عوام کو بڑا مالی نقصان پہنچا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے