اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشن ’’غضب للحق‘‘ میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران افغان طالبان رجیم کے 641 کارندے ہلاک جبکہ 855 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔

عطا اللہ تارڑ کے مطابق کارروائیوں کے نتیجے میں افغان طالبان کی 243 چیک پوسٹیں تباہ کر دی گئی ہیں جبکہ مزید 42 چیک پوسٹوں پر قبضہ کر کے انہیں بھی ختم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران افغان طالبان رجیم کے 219 ٹینک اور مسلح گاڑیاں بھی تباہ کی گئیں، جس سے دہشت گردوں کی عسکری صلاحیت کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ افغانستان میں 65 مختلف مقامات پر فضائی کارروائیاں بھی کی گئیں جن کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور اہم اہداف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور یہ کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے