واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا سے 30 سے 50 ملین بیرل اعلیٰ معیار کا خام تیل امریکا منتقل کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ یہ تیل امریکی مارکیٹ میں مروجہ قیمتوں پر فروخت کیا جائے گا اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی وہ خود کنٹرول کریں گے، جسے امریکی اور وینزویلا کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ نے امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ کو خصوصی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اس منصوبے پر فوری کام شروع کریں تاکہ تیل کی ترسیل امریکی بندرگاہوں تک جلد ممکن بنائی جا سکے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اعلان سے قبل امریکا اور وینزویلا کے حکام کے درمیان تیل کی برآمدات کے حوالے سے اہم بات چیت ہوئی ہے، جس کے تحت وینزویلا کا خام تیل براہِ راست امریکی ریفائنریز کو فراہم کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ سال دسمبر کے وسط سے وینزویلا سے تیل کی درآمد روک رکھی تھی، تاہم اب اس نئی پیش رفت کے بعد بڑی امریکی تیل کمپنیوں کے سربراہان کی جمعرات کو وائٹ ہاؤس آمد متوقع ہے جہاں وہ وینزویلا میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس اور وینزویلا کے حکام نے فی الحال اس نئی پیش رفت پر کسی بھی قسم کے تبصرے سے گریز کیا ہے۔