راجن پور (کیو این این ورلڈ) پنجاب اور سندھ کے کچہ ایریا میں پولیس کے جاری گرینڈ آپریشن کے نتیجے میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جہاں ایک کروڑ روپے سر کی قیمت والے بدنام زمانہ ڈاکو وہاب لُنڈ اور 50 لاکھ روپے انعام یافتہ شاہدین لونڈ سمیت مجموعی طور پر 44 ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال کر سرنڈر کر دیا ہے۔ ڈی پی او راجن پور کے مطابق سرنڈر کرنے والے یہ ڈاکو پولیس اہلکاروں کی شہادت، قتل، اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی جیسی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے، جنہیں اب قانون کے مطابق کڑی سزا دی جائے گی۔ کچہ کراچی اور کچہ عمرانی میں پولیس کی جانب سے ڈرون کی مدد سے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے دوران اب تک 7 ٹھکانے تباہ اور متعدد ڈاکو زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں کی مجموعی تعداد 29 تک پہنچ گئی ہے۔ وہاب لُنڈ اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کو پولیس کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب صادق آباد اور کچے کے دیگر علاقوں میں بھی سندھ و پنجاب پولیس کا مشترکہ آپریشن پوری شدت سے جاری ہے، جہاں مزید خطرناک ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران تھرمل کیمروں، ڈرون سرویلنس، لانگ رینج اسلحہ اور بکتر بند گاڑیوں کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے، جس کی بدولت 40 سے زائد سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ کوش، سکھانی، لُنڈ، شر اور اندھڑ گینگ کے خلاف یہ کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ڈاکوؤں کا مکمل خاتمہ اور علاقے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو جاتا۔ انتظامیہ نے وہاب لُنڈ کے دیگر ساتھیوں اور روپوش ڈاکوؤں کو دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ وہ فوری طور پر سرنڈر کر دیں ورنہ ان کے خلاف سخت ترین آپریشن کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے