ٹھٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق خان دھاریجو کی خصوصی ہدایات پر ایس ایس پی ٹھٹھہ فاروق احمد بجارانی کے احکامات کی روشنی میں پولیس نے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو خطرناک کرمنلز، ایک منشیات فروش اور ایک گٹکا فروش سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو پسٹل، بڑی مقدار میں انڈین گٹکا، دیسی شراب، ایک سوزوکی پک اپ اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر لیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر راجا ظفر راجپوت نے تھانہ ٹھٹھہ کے عملے کے ہمراہ شاہ مراد لنک روڈ پر ماذا جوس فیکٹری کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سوزوکی پک اپ نمبر LF-1195 کے ذریعے انڈین گٹکے کی سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی اور ملزم شاہ نواز ولد محمد سلیم جوکھیو کو 2050 پڑیاں گٹکے سمیت حراست میں لے لیا۔

ایک اور اہم کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ گھارو انسپکٹر محمد علی ڈامرا نے رابری کے مقدمے میں زیرِ تفتیش ملزمان ایاز عرف علوم چانڈیو اور دولت خان پٹھان کی نشاندہی پر وارداتوں میں استعمال ہونے والے دو پسٹل اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ اس کے علاوہ منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران ملزم عابد چانڈیو کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 20 بیگز دیسی شراب برآمد کی گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں منشیات آرڈیننس، گٹکا ایکٹ اور آرمز ایکٹ کے تحت علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ نے واضح کیا ہے کہ ضلع کو جرائم سے پاک کرنے تک آپریشنز کا سلسلہ یونہی جاری رہے گا اور سماجی برائیوں میں ملوث کسی بھی فرد کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے