گھوٹکی:چوری و ڈکیتی گینگ بے نقاب، 32 لاکھ نقدی برآمد

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے چوری، ڈکیتی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ مختلف وارداتوں میں چھینی گئی 32 لاکھ روپے نقد رقم بھی برآمد کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اسی سلسلے میں وارداتوں کو ٹریس کرنے کے لیے ڈی ایس پی یو ٹی سھیل احمد سومرو اور انچارج آئی ٹی محمد عامر آرائیں کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

پولیس ٹیم، جس میں ایس ایچ او ڈھرکی صفیع اللہ انصاری، ایس ایچ او اے سیکشن محمد قابل بھیو اور ایس ایچ او میرپور ماتھیلو عبدالوحید بھٹو شامل تھے، نے خفیہ معلومات اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان میں علی لاکھو، عدنان گبول، بابر گولو اور فرحان کلوڑ شامل ہیں، جو اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ضلع گھوٹکی کے مختلف علاقوں، شہروں اور لنک روڈز پر رات کے اوقات میں موٹر سائیکلیں اور نقدی چھیننے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کا ایک ساتھی محبوب ساوند فرار ہے، جس کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں متحرک ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اس کی تلاش جاری ہے۔

مزید انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان نے 20 فروری 2026 کو لنک روڈ داد لغاری پر پولیس اہلکار منظور احمد کلوڑ پر قاتلانہ حملہ بھی کیا تھا، جس کا انہوں نے دوران تفتیش اعتراف کر لیا ہے، تاہم خوش قسمتی سے اہلکار اس حملے میں محفوظ رہا۔

ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان کیا ہے، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے