ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) ڈیرہ غازی خان کے علاقے دستی پل پر ایک المناک ٹریفک حادثے میں مسافر بس، موٹر سائیکل اور چنگچی رکشہ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سے ڈیرہ غازی خان آنے والی مسافر بس کے ڈرائیور نے ایک غلط موڑ لینے والے موٹر سائیکل سوار کو بچانے کی کوشش میں اچانک لین تبدیل کی، جس کے باعث بس سامنے سے آنے والے چنگچی رکشہ اور موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، تاہم بس کے نیچے دب جانے اور شدید چوٹوں کے باعث تینوں افراد جانبر نہ ہو سکے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 55 سالہ رکشہ ڈرائیور حاجی محمد نواز، 19 سالہ اللہ ڈیوایا اور 17 سالہ ابراہیم شامل ہیں، جن کی لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اس المناک واقعے کے بعد شہریوں نے ریسکیو 1122 کے امدادی آپریشن پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے ہیں۔ عینی شاہدین اور مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ بس کے نیچے پھنسے زخمیوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیموں نے نہ تو موقع پر کرین منگوائی اور نہ ہی کسی بھاری مشینری یا ایکسیویٹر کا استعمال کیا گیا، بلکہ صرف ایک لفٹر کے ذریعے غیر مؤثر کوششیں کی جاتی رہیں۔ شہریوں کے مطابق اگر بروقت کرین یا جدید مشینری استعمال کی جاتی تو شاید قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکتا تھا۔ مقامی افراد نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں مبینہ غفلت کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور مستقبل میں ایسے حادثات کے دوران جدید مشینری کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مؤثر امدادی کارروائی کی جا سکے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔