ممبئی:بالی وُوڈ کی سپرہٹ فلم ’تھری ایڈیٹس‘ کا سیکوئل 15 سال بعد آ رہا ہے، جس میں عامر خان، کرینہ کپور، آر۔ مادھون اور شرمان جوشی اپنے یادگار کرداروں رانچھو، فرحان، راجو اور پیا کے طور پر واپس آئیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کا اسکرپٹ فائنل ہو چکا ہے اور پوری ٹیم پُرجوش ہے کہ مزاح، جذبات اور پیغام ایک بار پھر اپنی شدت کے ساتھ لوٹ رہا ہے۔ سیکوئل کی کہانی وہیں سے آگے بڑھے گی جہاں 2009 میں اختتام پذیر ہوئی تھی اور چاروں کردار ایک نئی مہم کے لیے دوبارہ متحد ہوں گے۔
فلم میں رانچھو، فرحان، راجو اور پیا کی بزرگی کی زندگی دکھائی جائے گی، اور کہانی میں دوستی، ذاتی جدوجہد، زندگی کے بدلتے نظریات اور نئی پیچیدگیاں شامل ہوں گی۔ مزاح بھی اس نئے دور کے مطابق نیا رنگ لے گا۔
ذرائع کے مطابق ہدایتکار راج کمار ہیرانی کئی سال سے سیکوئل پر غور کر رہے تھے، مگر مناسب وقت اور بہترین اسکرپٹ کے انتظار میں تاخیر ہوئی۔ اب ان کی بایوپک مؤخر ہونے کے بعد وہ مکمل طور پر سیکوئل پر توجہ دے رہے ہیں۔
اصل فلم 2009 میں ریلیز ہوئی تھی، جس نے بھارت کے تعلیمی نظام اور کامیابی کے معیار پر بڑے پیمانے پر بحث چھڑی، اور اس کے ڈائیلاگ آج بھی مقبول ہیں۔ شائقین اور فلم انڈسٹری اسے اگلے چند سالوں کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلم قرار دے رہی ہے۔
تاہم، اب تک عامر خان پروڈکشن یا راج کمار ہیرانی کی جانب سے سیکوئل کے بارے میں آفیشل بیان جاری نہیں ہوا۔