گھوٹکی(نامہ نگارمشتاق علی لغاری)رینجرز اور پولیس نے سندھ و پنجاب کے سرحدی علاقے میں ایک اہم مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم 22 افغان باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی بارڈر کے قریبی علاقوں میں مشکوک افراد کی چیکنگ کے دوران عمل میں لائی گئی، جہاں مذکورہ افراد سے قومی شناختی کارڈ طلب کیے گئے تو وہ کوئی بھی مستند دستاویز پیش کرنے میں ناکام رہے۔ ابتدائی تفتیش اور سخت پوچھ گچھ کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ گرفتار ہونے والے تمام افراد افغانی شہری ہیں اور ان کے پاس پاکستان میں قیام کے لیے درکار پاسپورٹ، ویزہ یا دیگر کوئی بھی قانونی سفری دستاویز موجود نہیں تھی۔

ترجمان پولیس کے مطابق غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے اور پاکستان میں قیام کرنے کے جرم میں ان تمام افغان شہریوں کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد تمام گرفتار شدگان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے کے لیے چیکنگ کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے اور کسی بھی غیر ملکی کو بغیر قانونی دستاویزات قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کارروائی کو علاقے میں امن و امان کے قیام اور غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے