اوکاڑہ (رپورٹ: ملک ظفر)معروف ماہرِ فلکیات ہمایوں افضل نے نئے سال 2026ء کے حوالے سے پاکستان، بھارت اور عالمی سیاست سے متعلق سنسنی خیز پیش گوئیاں کر دی ہیں، جن میں حکومتوں کی تبدیلیوں اور اہم شخصیات کے کردار پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سال 2026ء کے دوران پاکستان اور بھارت سمیت دنیا کے بعض ممالک میں حکومتوں کی تبدیلی کے ساتھ مارشل لاء نافذ ہونے کا امکان ہے، جبکہ عوام اور حکومتوں کے درمیان فاصلوں میں اضافے کے باعث دونوں ممالک میں غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے دنگا فساد اور بڑے جلسے جلوس برآمد ہوں گے۔ ہمایوں افضل کے مطابق عالمی امن کو خطرات لاحق رہیں گے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر مل کر عالمی امن کو برقرار رکھنے میں ایک اہم اور کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے پاکستان کے حوالے سے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ مارچ اور اپریل 2026ء سے پاکستان کی قسمت کا ستارہ چمکے گا، جس سے ملک میں معاشی اور اقتصادی حالات میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔

ماہرِ فلکیات نے بھارت کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کی مشکلات میں شدید اضافہ ہوگا اور وہاں علیحدگی پسند تنظیمیں زور پکڑیں گی، جس کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک نیا ملک ابھرنے کی توقع ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2026ء میں قدرتی آفات اور مالی نقصانات کا خدشہ رہے گا، جبکہ کسی اہم سیاسی شخصیت کی اچانک موت سے عوام کو شدید صدمہ بھی پہنچ سکتا ہے۔ فلکیاتی حسابات کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سال پہلا سورج گرہن 17 فروری اور دوسرا 12 اگست کو ہوگا، جبکہ پہلا چاند گرہن 3 مارچ اور دوسرا 28 اگست کو رونما ہوگا۔ مذہبی حوالے سے انہوں نے پیش گوئی کی کہ اس مرتبہ یکم رمضان 19 فروری بروز جمعرات اور یکم شوال 21 مارچ بروز ہفتہ ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث امسال رمضان المبارک کے 30 روزے ہوں گے۔ ان پیش گوئیوں نے عوامی اور سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے جہاں ان تغیرات کو گہری دلچسپی کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے