کراچی (کیو این این ورلڈ) ابھرتی ہوئی پاکستانی اداکارہ میرب علی نے انکشاف کیا ہے کہ سال 2025 ان کی زندگی کا سب سے کٹھن اور مشکل ترین سال ثابت ہوا ہے۔ فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سال کے اختتامی لمحات میں ایک جذباتی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ وہ اس سال کے رخصت ہونے پر بہت خوش اور رب کی شکر گزار ہیں، کیونکہ زندگی میں پہلی بار انہیں اتنی بڑی مشکلات کا تنہا سامنا کرنا پڑا ہے۔ میرب علی کا کہنا تھا کہ انسان کی زندگی میں ایسے لمحات آتے ہیں جب اسے لگتا ہے کہ وہ ان حالات کا مقابلہ نہیں کر پائے گا، لیکن اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کے لیے آسانیاں پیدا کر دیتے ہیں، ان کا ماننا ہے کہ اگر آپ دوسروں کے ساتھ بھلائی کریں گے تو قدرت آپ کے ساتھ بھی اچھا ہی کرے گی۔

اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں اپنے مداحوں، دوستوں اور خاص طور پر اپنے اہلِ خانہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ زندگی میں گھر والوں کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا اور ان کی سپورٹ ہی انسان کو دوبارہ کھڑا ہونے کا حوصلہ دیتی ہے۔ واضح رہے کہ میرب علی کے لیے سال 2025 اس وقت خبروں کا مرکز بنا جب سال کے وسط میں معروف گلوکار عاصم اظہر نے ان کے ساتھ اپنی تین سالہ منگنی ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ اداکارہ کے اس حالیہ پیغام کو ان کے چاہنے والے اسی تناظر میں دیکھ رہے ہیں اور ان کی ہمت کو سراہا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے