وساکھی میلہ قریب، کیا ننکانہ صاحب کی مرکزی شاہراہ بروقت کلیئر ہو سکے گی؟

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/احسان اللہ ایاز) ویساکھی میلہ میں صرف 2 دن باقی رہ گئے ہیں، مگر کیا ننکانہ صاحب میں جاری میگا سیوریج پراجیکٹ بروقت مکمل ہو سکے گا یا مسائل جوں کے توں رہیں گے؟ یہ سوال اب شہریوں اور زائرین کیلئے تشویش کا باعث بن چکا ہے۔

شہر کی اہم شاہراہ کیپٹن حسنین نواز شہید روڈ تاحال کھدائی، بکھرے پائپوں اور ادھورے کام کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے، جبکہ واسا کی کارکردگی پر بھی سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ کیا سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کے واضح احکامات اور دی گئی 7 روزہ ڈیڈ لائن پر عملدرآمد ہو سکے گا؟

10 اپریل سے شروع ہونے والی ویساکھی تقریبات میں بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچیں گے، جو اپنے قیام کے دوران مختلف گوردواروں کی یاترا کریں گے۔ ان میں گوردوارہ جنم استھان، گوردوارہ تنبو صاحب، گوردوارہ پانچویں و چھٹی پاتشاہی، گوردوارہ مال جی صاحب اور گوردوارہ کیارہ صاحب شامل ہیں، اور ان تمام مقامات تک رسائی اسی مرکزی شاہراہ سے ممکن ہے۔

موجودہ صورتحال میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر سیوریج لائن کی کھدائی اور سڑک پر پڑے پائپ بروقت نہ ہٹائے گئے تو سکھ یاتریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو نہ صرف انتظامی کارکردگی بلکہ شہر کی ساکھ کو بھی متاثر کرے گا۔

شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ضلعی انتظامیہ اس بڑے چیلنج سے نمٹتے ہوئے ویساکھی میلے سے قبل مرکزی شاہراہ کو کلیئر کر پائے گی یا مسائل جوں کے توں رہیں گے؟

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے