گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ میں سی سی ڈی اور ضلع پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلوں کے دوران دو خطرناک ملزمان ہلاک جبکہ دو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران اشتہاری اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو نشانہ بنایا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق تھانہ ایمن آباد کے علاقے میں ہونے والے ایک مبینہ مقابلے کے دوران خطرناک ڈاکو وقاص عرف وقاصو مارا گیا، جبکہ ایک اور کارروائی میں سی سی ڈی کے ساتھ مقابلے کے دوران اشتہاری ملزم عطائے ربی بٹ ہلاک ہو گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ہلاک ہونے والے ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر مارے گئے۔ پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری جانب کارروائی کے دوران دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جن کی شناخت وسیم اور اسامہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔