گھوٹکی(نامہ نگارمشتاق علی لغاری) پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن، 15 مشکوک ملزمان گرفتار، موٹر وے کا چوری شدہ سامان برآمد

ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ افراد کا گھیراؤ تنگ کرتے ہوئے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے دوران پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے موٹر وے سے چوری شدہ قیمتی جالیاں، فینس اور گارڈر برآمد کر لیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی اوباوڑو عبدالقادر سومرو کی سربراہی میں 10 تھانوں کی پولیس کی بھاری نفری نے مرید شاخ انٹر چینج اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، جس کا مقصد روپوش ملزمان اور ڈاکوؤں کے سہولت کاروں کا خاتمہ کرنا تھا۔ کارروائی کے دوران پولیس نے 15 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے موٹر وے سے چوری کی گئی بھاری تعداد میں جالیاں، تاریں اور لوہے کے گارڈر برآمد کیے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں اور گھروں کو مسمار کرنے کے بعد نذرِ آتش کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے آپریشن کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جنرل ہولڈ اپ اور ناکہ بندی کا سلسلہ مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں قانون کی بالادستی ہر صورت برقرار رکھی جائے گی اور جرائم پیشہ عناصر سمیت سماجی برائیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا سکے۔ اس کارروائی کو مقامی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے اور اسے امن و امان کی بہتری کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے