اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند اور بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دو علیحدہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اور 13 دسمبر 2025 کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔ مصدقہ اطلاعات پر ضلع مہمند میں کیے گئے آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بنوں میں کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مزید 6 خوارج کو جہنم واصل کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں علاقوں میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف جاری مہم “عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے