راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) خیبرپختونخوا کے اضلاع شمالی وزیرستان اور کرم میں سکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے ایک آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے۔ دوسری جانب ضلع کرم میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے ایک مشترکہ کارروائی کی جہاں مزید 5 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ان دہشت گردوں کا تعلق بھارتی پراکسی ‘فتنہ الخوارج’ سے تھا اور یہ عناصر علاقے میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور سکیورٹی فورسز پر حملوں کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔
آپریشن کے بعد تلاشی کے دوران ہلاک خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق ان علاقوں میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں عزم کا اظہار کیا ہے کہ ‘عزمِ استحکام’ کے تحت ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی اور غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ سکیورٹی فورسز کی ان کامیاب کارروائیوں کو خطے میں امن و امان کی بحالی کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔