لاہور (کیو این این ورلڈ) پنجاب آرٹس کونسل اور محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب نے صوبے بھر کے تھیٹرز میں پیش کیے جانے والے 106 پنجابی گانوں پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد اسٹیج ڈراموں میں غیر معیاری مواد کا خاتمہ کرنا اور تھیٹر کو دوبارہ سے ‘فیملی تھیٹر’ کی شکل دینا ہے تاکہ اسے ایک معیاری تفریح بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق ان گانوں کی فہرست لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام تھیٹرز کو ارسال کر دی گئی ہے، جس میں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ آئندہ کسی بھی ڈرامے میں ان ممنوعہ گانوں کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ اطلاعات و ثقافت کے مطابق اسٹیج مانیٹرنگ ٹیموں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے جو اب ان 106 گانوں کو ڈراموں کے اسکرپٹ یا پرفارمنس میں سنسر کرنے کے بجائے براہِ راست پابندی کو یقینی بنائیں گی۔ اس اقدام کو اسٹیج ڈراموں میں بڑھتی ہوئی بے راہ روی اور غیر اخلاقی مواد کے خلاف ایک بڑے کریک ڈاؤن کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ آرٹس کونسل کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے تھیٹر کے وقار میں اضافہ ہوگا اور خاندانوں کے لیے محفوظ اور خوشگوار ماحول میسر آئے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے پروڈیوسرز اور اداکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔