ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ننکانہ صاحب شہر میں واسا کے زیرِ انتظام جاری سیوریج کے میگا منصوبے کے دوران ناقص پلاننگ اور مبینہ بدانتظامی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کھدائی کے دوران پی ٹی سی ایل کی مین لائنیں بار بار کٹنے سے سینکڑوں صارفین کی انٹرنیٹ اور فون سروس معطل ہو گئی ہے، جس سے کاروباری اور روزمرہ امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گول چکر، بیری والا چوک اور لاہور روڈ سمیت متعدد مقامات پر کھدائی کے دوران یوٹیلٹی میپنگ نہ ہونے کی وجہ سے پی ٹی سی ایل کی ٹرنک لائنوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اس سنگین صورتحال کے باعث پی ٹی سی ایل کے عملے اور واسا کنٹریکٹر کے ملازمین کے درمیان تلخ کلامی اور مبینہ طور پر ہاتھا پائی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جس نے انتظامی کنٹرول پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
ٹیکنیکل ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی بڑے انفراسٹرکچر منصوبے سے قبل زیرِ زمین لائنوں کی نشاندہی اور متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ بنیادی تقاضا ہوتا ہے، تاہم یہاں سائٹ سپروژن کا مکمل فقدان نظر آتا ہے۔ شہری حلقوں نے ایم ڈی واسا اور اعلیٰ انتظامیہ کی مبینہ غفلت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناقص نگرانی کی وجہ سے حساس لائنوں کا کٹنا روز کا معمول بن چکا ہے جو ایک بڑے شہری بحران کی شکل اختیار کر رہا ہے۔
شہریوں اور سماجی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ کنکشنز کو فوری بحال کیا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے یوٹیلٹی پروٹیکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے ذمہ داران کے تعین اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی اپیل بھی کی ہے تاکہ ترقیاتی کاموں کے نام پر شہریوں کو مزید اذیت سے بچایا جا سکے۔