اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے خرم پور میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں گھر کے باہر گڑھا کھودتے ہوئے اچانک مٹی کا تودہ گرنے سے ایک مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اوچ شریف کے نواحی علاقے شیخاں والی پل، موضع خرم پور میں پیش آیا جہاں ایک گھر کے باہر تقریباً بارہ فٹ گہرا اور چار فٹ چوڑا گڑھا کھودا جا رہا تھا۔ اسی دوران اچانک گڑھے کے اطراف کی مٹی کھسک گئی اور اوپر سے بھاری مقدار میں مٹی نیچے آ گری جس کے نتیجے میں مزدور گڑھے کے اندر ہی ملبے تلے دب گیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتیاط کے ساتھ مٹی ہٹا کر مزدور کو باہر نکالا اور موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے سی پی آر بھی کیا۔

بعد ازاں زخمی مزدور کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمدپور شرقیہ منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدور کی شناخت ریاض ولد اللہ دتہ (عمر تقریباً 32 سال) کے نام سے ہوئی ہے جو بستی شیخاں، موضع خرم پور کا رہائشی تھا اور محنت مزدوری کر کے اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالتا تھا۔ ریسکیو ٹیم نے ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے