سمہ سٹہ/بہاولپور (کیو این این ورلڈ) گورنمنٹ بوائز ایسوسی ایٹ کالج سمہ سٹہ میں "منشیات سے انکار- توانا خوشحال معاشرہ” کے عنوان سے ایک پروقار آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر کاشف مقبول کی زیر نگرانی منعقدہ اس تقریب کی صدارت ڈائریکٹر کالجز بہاولپور ڈویژن پروفیسر ڈاکٹر رانا شرافت علی نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس، لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) احمر نثار ستی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمر نثار ستی نے نوجوانوں کو خبردار کیا کہ منشیات نہ صرف خاندانوں کو تباہ کرتی ہے بلکہ ملکی ترقی کی راہ میں بھی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام میں ہر قسم کا نشہ حرام ہے کیونکہ یہ انسانی ذہنی صلاحیتوں کو مفلوج کر دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو نشے سے دور رہ کر اعلیٰ تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنا مستقبل سنوارنا چاہیے۔

ڈائریکٹر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے پروجیکٹر کی مدد سے منشیات کی اقسام اور انسانی جسم پر ان کے ہولناک اثرات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سی این فورس بہاولپور ڈویژن سمیت پورے صوبے میں اس ناسور کے خاتمے کے لیے پوری ایمانداری سے برسرِ پیکار ہے۔ اس موقع پر طلبہ کے سوالات کے تسلی بخش جوابات بھی دیے گئے اور ہال "ڈرگ فری بہاولپور” کے نعروں سے گونج اٹھا۔

ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر رانا شرافت علی نے اپنے خطاب میں تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ پرنسپل ڈاکٹر کاشف مقبول نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو سوینئرز پیش کیے گئے اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ اس موقع پر انسپکٹر افتخار احمد کی ٹیم، کالج کے سینئر اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی جن کا مقصد ایک صحت مند اور منشیات سے پاک نسل کی آبیاری کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے