وانا (کیو این این ورلڈ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ سرحد کے دونوں جانب پائیدار امن تب ہی ممکن ہے جب افغان طالبان دہشت گرد تنظیموں کی حمایت سے مکمل طور پر دستبردار ہو جائیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے اور مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جوانوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں ہی پاکستان کی سلامتی اور استقامت کی اصل بنیاد ہیں۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو مغربی سرحد پر سکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور جاری "آپریشن غضب الحق” کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور جاری جھڑپوں کے دوران ان کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور بلند حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے فارمیشنز کی کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ‘فتنہ خوارج’ اور ‘فتنہ ہندوستان’ کی جانب سے افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ایک سنگین معاملہ ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اس جانب سے ابھرنے والے ہر خطرے اور چیلنج کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے تمام ضروری اور سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا جا سکے۔

آپریشنل تیاریوں کے معائنے کے بعد فیلڈ مارشل نے جوانوں کو ہدایت کی کہ وہ ملک دشمن عناصر کے خلاف اپنی مستعدی برقرار رکھیں اور سرحدوں کی حفاظت کے مقدس فریضے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے