ممبئی: (کیو این این ورلڈ) ICC Men’s T20 World Cup کے سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کو 107 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر گروپ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی جبکہ بھارت کرکٹ ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔ میچ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں شائقین کو رنز کی برسات دیکھنے کو ملی۔
ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جارحانہ کھیل پیش کیا اور چوکوں چھکوں کی بھرمار کے ساتھ مقررہ 20 اوورز میں 254 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعہ قرار دیا جا رہا ہے۔ کیریبین بلے بازوں نے زمبابوے کے باؤلرز کو ابتدا ہی سے دباؤ میں رکھا اور پاور پلے سے لے کر آخری اوور تک تیز رفتاری سے اسکور میں اضافہ کرتے رہے۔

255 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔ پوری ٹیم 147 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور یوں ویسٹ انڈیز نے 107 رنز کی بڑی کامیابی اپنے نام کر لی۔ اس فتح کے بعد ویسٹ انڈیز سپر ایٹ مرحلے کے گروپ 1 میں دو پوائنٹس اور 5.350 کے شاندار نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر آ گئی ہے۔
گروپ میں اب تک تمام چاروں ٹیمیں ایک، ایک میچ کھیل چکی ہیں۔ جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم بھارت کو شکست دے کر 3.800 کے نیٹ رن ریٹ اور دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ بھارت بغیر کسی پوائنٹ کے منفی 3.800 نیٹ رن ریٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔ زمبابوے کی ٹیم چوتھے نمبر پر ہے۔
ایسی صورتحال میں بھارت کے لیے سیمی فائنل تک رسائی کا راستہ مشکل ہو گیا ہے۔ بھارت کو اب اپنے باقی دونوں میچز ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے خلاف نہ صرف جیتنا ہوں گے بلکہ بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی تاکہ نیٹ رن ریٹ بہتر بنایا جا سکے۔ اگر پوائنٹس برابر ہوئے تو کم نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے بھارت کے لیے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنا ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔