راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی بلاواسطہ یا بالواسطہ خلاف ورزی پر سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان سے متعلق 18ویں قومی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی پراکسیز بلوچستان میں تشدد اور پروپیگنڈے کے ذریعے ترقیاتی عمل میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز اپنی سخت کارروائیوں سے دشمن کے ان مذموم عزائم کو ناکام بنا دیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں اور صوبے کو دہشت گردی و بے چینی سے نجات دلا کر دم لیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کی اسٹریٹجک اہمیت اور وہاں کے عوام کی حب الوطنی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ذاتی سیاسی ایجنڈوں کو مسترد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ بلوچستان کا مستقبل طویل مدتی خوشحالی اور استحکام پر مبنی ہو۔ فیلڈ مارشل نے دشمن کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے میں سول سوسائٹی کے کردار کو کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ عناصر کی جانب سے پھیلائی جانے والی بے امنی کا مقابلہ اتحاد اور ہمت سے کیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے اختتام پر فیلڈ مارشل نے شرکاء کے مختلف سوالات کے جامع جوابات بھی دیے۔