راولپنڈی(نیوز ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے معروف گلوکار اسرار کی آواز میں نیا ملی نغمہ ’’پاک سرزمینیو‘‘ ریلیز کر دیا ہے۔ یہ نغمہ تینوں مسلح افواج کی یکجہتی اور وطن سے بے مثال وفا کی داستان پیش کرتا ہے۔
نغمے میں معرکۂ حق کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کی دفاع وطن کی بہادری اور قربانی کی شاندار عکاسی کی گئی ہے۔ اس میں وطن کے لیے خون کے آخری قطرے تک قربانی دینے اور آگے بڑھنے کے عزم کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، نغمے میں پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت و جرات مندانہ کردار، پاک بحریہ کے شاندار کارنامے، اور وطن سے محبت و شہداء کی لازوال قربانیوں کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’’پاک سرزمینیو‘‘ قربانی، حب الوطنی اور تجدیدِ عہد وفا کا بہترین اظہار ہے اور سرحدوں کے محافظ پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔