واربرٹن: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار عبدالغفار چوہدری) نواحی علاقے جھنگڑ لعل میں معروف صوفی بزرگ بابا بشیر دولہ شاہ ولیؒ کے 18 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کے سلسلے میں آل پاکستان گھوڑا ڈانس مقابلوں کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ ان مقابلوں میں چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سے لائے گئے 150 سے زائد گھوڑا پارٹیوں نے حصہ لیا، جنہوں نے اپنی مہارت سے سماں باندھ دیا۔

تقریب کے دوران دلکش انداز میں سجے ہوئے گھوڑوں نے ڈھول کی تھاپ اور علاقائی گیتوں کی دھنوں پر منفرد رقص پیش کیا۔ گھوڑوں کے دلکش رقص اور ڈانس کے خوبصورت انداز نے دور دراز سے آئے ہوئے ہزاروں شائقین کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا اور وہ جھومنے پر مجبور ہو گئے۔ اس موقع پر جوش و خروش کا یہ عالم تھا کہ شرکاء نے فن کا مظاہرہ کرنے والے گھوڑوں اور ان کے مالکان پر نوٹوں کی بارش کر دی۔

مقابلوں کے منتظم رائے بلال سیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان تقریبات کا بنیادی مقصد گھٹن زدہ ماحول میں عوام کو صحت مند تفریح فراہم کرنا اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں لانا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اپنے آباؤ اجداد کی قدیم روایات کو زندہ رکھتے ہوئے مقابلوں میں شرکت کے لیے آنے والے تمام گھوڑوں، ان کے مالکان اور مہمانوں کے لیے رہائش اور طعام کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔

علاقائی ثقافت کے اس خوبصورت میلے نے نہ صرف مقامی لوگوں کو محظوظ کیا بلکہ دیہی کھیلوں اور روایات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ شرکاء نے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے میلے ہماری ثقافت کا حسن ہیں جنہیں برقرار رکھنا وقت کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے