واربرٹن (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) دبئی میں منعقدہ ساتویں سالانہ آرم ریسلنگ چیمپئن شپ میں واربرٹن سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد وقاص نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ دبئی حکومت کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس عالمی چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت بھارت، مصر، لبنان، متحدہ عرب امارات، نیپال اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

مقابلے کی تفصیلات کے مطابق محمد وقاص نے 80 کلو گرام کیٹگری میں انتہائی سخت مقابلے کے بعد پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ڈینیل دوسری اور بھارت سے تعلق رکھنے والے نوجوان تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ محمد وقاص کی اس بین الاقوامی کامیابی کی خبر واربرٹن پہنچتے ہی شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور اسے علاقے سمیت پورے ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔

