وہاڑی (کیو این این ورلڈ) تھانہ جھال سیال کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران خاتون سے زیادتی اور ڈکیتی کی سنگین وارداتوں میں ملوث 2 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق محمود کوٹ کے قریب 4 نامعلوم مسلح ملزمان ایک شہری سے موٹر سائیکل اور نقدی چھین کر فرار ہوئے تھے، جس پر 15 کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر دی۔ بستی اسلام آباد کے قریب جب ناکہ بندی پوائنٹ پر 4 مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے اس تبادلے میں 2 ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کے 2 ساتھی دھند اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت انور خان پٹھان اور تہذیب احسن پٹھان کے ناموں سے ہوئی ہے جو ریکارڈ یافتہ مجرم تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان ملزمان نے چند روز قبل جھال سیال کے علاقے میں ایک خاتون سے دورانِ واردات مبینہ طور پر زیادتی کی تھی اور ان کے کانوں سے بالیاں بھی نوچ لی تھیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے چھینی گئی موٹر سائیکل، نقدی، کٹی ہوئی بالیاں اور 2 پستول قبضے میں لے لیے ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ جھال سیال رؤف اقبال گجر نے ہلاک ملزمان کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی ہیں، جبکہ فرار ہونے والے دیگر 2 ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے