تہران (کیو این این ورلڈ) ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے خطے کے ممالک کے لیے عربی زبان میں ایک اہم پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ ایران کا اپنے پڑوسی ممالک پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی بھی ملک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو ایران کے خلاف استعمال کیا گیا تو ان مقامات کو دشمن کی سرزمین تصور کیا جائے گا۔
علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ جن اڈوں سے امریکہ خطے میں جارحانہ کارروائیاں کرے گا، ایران ان اڈوں کو نشانہ بنانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسی صورت میں وہ اڈے متعلقہ ملک کی سرزمین نہیں بلکہ عملاً امریکی علاقہ شمار ہوں گے، اس لیے میزبان ممالک کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر انور قرقاش نے ایرانی موقف پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خلیجی ممالک پر حملے کی کوئی بھی کوشش "غلط فہمی” یا مس کیلکولیشن ثابت ہوگی۔ انہوں نے ایران کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے حواس میں واپس آئے کیونکہ اس کی اصل جنگ اپنے پڑوسیوں سے نہیں ہے۔
اماراتی صدر کے مشیر نے مزید کہا کہ اگر ایران نے خطے کے ممالک کے خلاف کوئی اقدام کیا تو اسے سفارتی اور سیاسی طور پر مکمل تنہا کر دیا جائے گا۔ ان کے بقول خلیجی ریاستیں اپنی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گی اور ایران کو اشتعال انگیزی سے گریز کرنا چاہیے۔