واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) امریکا نے طالبان رجیم کے خلاف پاکستان کے حقِ دفاع کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد کو حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ میں سیاسی امور کی سیکرٹری ایلیسن ہوکر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا افغان طالبان کی جانب سے ہونے والے حملوں کے خلاف پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر واشنگٹن کو گہری تشویش ہے اور وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
ایلیسن ہوکر نے بتایا کہ ان کی پاکستان کی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں حالیہ سیکیورٹی صورتحال اور سرحدی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا صورت حال کو قریب سے مانیٹر کر رہا ہے اور پاکستان کو طالبان کی جانب سے حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

امریکی حکام کے اس بیان کو خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ حالیہ دنوں میں پاک افغان سرحد پر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پاک افغان کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اچھا برتاؤ کر رہا ہے اور وہ اس معاملے میں مداخلت نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے پاکستان کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک عظیم وزیرِاعظم اور ایک باصلاحیت جنرل موجود ہیں، اور یہ وہ دو شخصیات ہیں جن کی وہ بے حد عزت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان میں مضبوط قیادت موجود ہے جو حالات کو مؤثر انداز میں سنبھال رہی ہے۔