وڈیرہ شاہی جیت گئی، انصاف ہار گیا

دادو (کیو این این ورلڈ) ماڈل کرمنل کورٹ نے ام رباب چانڈیو کے والد، دادا اور چچا کے قتل کیس میں نامزد تمام ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل صلاح الدین پنہور نے تصدیق کی ہے کہ عدالت نے اس ہائی پروفائل مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے تمام نامزد افراد کو رہا کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ سرداری نظام کے خلاف جدوجہد کے دوران آٹھ سال قبل تین افراد کو دن دہاڑے قتل کیا گیا تھا۔ اس مقدمے میں سندھ اسمبلی کے دو ارکان سمیت 8 ملزمان نامزد تھے، جن میں سے چار جیل میں اور چار ضمانت پر تھے۔ مقتولین کے وکیل کا کہنا ہے کہ کیس میں ٹھوس گواہ اور میڈیکل شواہد موجود تھے، اس لیے اس فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیل کی جائے گی۔

فیصلے کے موقع پر دادو میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور ڈی ایس پیز سمیت 450 پولیس اہلکار تعینات رہے۔ جوڈیشل کمپلیکس اور ام رباب کے گھر کے باہر بھی پولیس کی بھاری نفری موجود رہی۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر گواہان کے بیانات اور دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے عدالتی فیصلے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے ‘وڈیرہ شاہی کی جیت اور انصاف کی ہار’ قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس فیصلے نے ثابت کر دیا کہ نظامِ انصاف طاقتور جاگیرداروں کی لونڈی بن چکا ہے، تاہم انہوں نے ام رباب چانڈیو کی تاریخی جدوجہد کو سلام پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے