اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور اس کے گردونواح بشمول دھوڑکوٹ، ترنڈ، بشارت، سرور آباد، ہیڈ پنجند، بیٹ احمد اور چک کہل سمیت متعدد دیہات میں گزشتہ شام آنے والی اچانک شدید آندھی، موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے زرعی شعبے کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق غیر معمولی شدت کی ژالہ باری کے باعث گندم کی تیار فصل زمین بوس ہو گئی ہے، جبکہ مرچ اور پیاز جیسی نقد آور فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ آم کے باغات میں کچا پھل بڑی مقدار میں جھڑنے سے باغبانوں کو ناقابلِ تلافی مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
متاثرہ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ بارش اور طوفان ایسے وقت میں آیا جب گندم کی کٹائی آخری مراحل میں تھی، جس کی وجہ سے نقصان کی شدت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ کسانوں کے مطابق ان کی مہینوں کی محنت ایک ہی رات میں ضائع ہو گئی ہے، جس سے وہ شدید مالی بحران کا شکار ہو گئے ہیں۔
علاقے کے زمینداروں اور کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کا فوری سروے کروا کر نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے اور کاشتکاروں کو قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف سمیت مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ آئندہ فصل کے اخراجات پورے کر سکیں۔