اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار حبیب) اوچ شریف اور اس کے گردونواح میں جعلی کولڈرنکس اور مضر صحت جوسز تیار کرنے والا مافیا ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے، جس نے اپنے منظم نیٹ ورک کے ذریعے شہریوں بالخصوص بچوں کی صحت کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف شہر سمیت سمیع ٹاؤن، کوٹ خلیفہ، خیرپور ڈاہا اور احمد پور شرقیہ کے ملحقہ دیہات میں غیر معیاری مشروبات کی تیاری اور فروخت کا مکروہ دھندہ عروج پر ہے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مافیا خفیہ مقامات پر گندے پانی، خطرناک کیمیکلز اور غیر معیاری رنگوں کے استعمال سے نامور برانڈز کی نقلی پیکنگ میں مشروبات تیار کر رہا ہے۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ یہ گروہ سستے داموں فراہمی کے لالچ میں چھوٹے دکانداروں، ہوٹل مالکان اور ریڑھی بانوں کو بھی اس غیر قانونی کاروبار میں شامل کر رہا ہے۔ بعض بااثر افراد کی مبینہ پشت پناہی کے باعث یہ نیٹ ورک اس قدر مضبوط ہو چکا ہے کہ متعلقہ ادارے ان کے خلاف ٹھوس کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس سمیع ٹاؤن میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائی کے باوجود یہ مافیا دوبارہ فعال ہو چکا ہے۔
طبی ماہرین نے انتباہ جاری کیا ہے کہ ان جعلی مشروبات کا استعمال گلے کی سوزش، معدے کے امراض، جگر کی خرابی اور آنتوں کے انفیکشن جیسی مہلک بیماریوں کا سبب بن رہا ہے۔ شہریوں اور سماجی تنظیموں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے اس مافیا کے خلاف فی الفور بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے اور ان کی خفیہ فیکٹریوں کو سیل کر کے ملوث عناصر کو کڑی سزا دی جائے۔