اوچ شریف (کیو این این ورلڈ، نامہ نگار حبیب خان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "رمضان نگہبان راشن کارڈ پروگرام” میں اوچ شریف کے نواحی علاقوں میں سنگین انتظامی غفلت اور بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ یونین کونسل چناب رسول پور اور خیرپور ڈاہا بختیاری میں حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مستحق افراد کو گھروں پر کارڈ پہنچانے کے بجائے مختلف مقامات پر بلا کر ذلیل و خوار کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
حکومت پنجاب کی واضح ہدایات تھیں کہ بزرگوں، معذوروں اور خواتین کی سہولت کے لیے راشن کارڈ گھر گھر پہنچائے جائیں گے، مگر بستی حافظاں، ترنڈ بشارت، رتہر نھروانوالی اور سرور آباد سمیت کئی علاقوں میں غریب افراد کو ایک جگہ جمع ہونے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق مستحقین کو کارڈ کے حصول کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ خیرپور ڈاہا بختیاری میں راشن کارڈ نجی دکانوں اور مقامات پر بانٹے جا رہے ہیں جو کہ پالیسی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس طریقہ کار سے سفید پوش طبقہ اور خواتین شدید اذیت کا شکار ہیں۔ بزرگ اور بیمار افراد کو کارڈ کے لیے طویل فاصلے طے کر کے بار بار چکر لگانے پڑ رہے ہیں، جس سے حکومت کا فلاحی مقصد فوت ہوتا نظر آ رہا ہے۔ عوامی حلقوں نے مقامی انتظامیہ کی اس نااہلی کو حکومت کے ریلیف پروگرام پر بڑا سوالیہ نشان قرار دیا ہے۔
اہالیان علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر بہاولپور اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل چناب رسول پور اور خیرپور ڈاہا بختیاری میں کارڈز کی تقسیم کے عمل کا فوری نوٹس لیا جائے۔ شہریوں نے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی اور کارڈز کی گھر گھر فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستحقین کو ان کا حق باوقار طریقے سے مل سکے۔