اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگارحبیب خان) اڈہ محمود شہید چوک بھٹہ، ملکانی پوسٹ کوٹلہ موسیٰ خان روڈ پر تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث دو موٹر سائیکلیں آمنے سامنے ٹکرا گئیں۔ اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں دو خواتین اور ایک کمسن بچی سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس قدر اچانک پیش آیا کہ دونوں موٹر سائیکل سوار اپنی رفتار پر قابو نہ رکھ سکے اور آپس میں ٹکرا گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے تمام زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں انہیں مزید علاج کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو ضروری طبی امداد دی جا رہی ہے۔
زخمی ہونے والوں میں 50 سالہ حضور بخش، 20 سالہ عدنان، 35 سالہ شہناز بی بی، 18 سالہ نگینہ بی بی اور چار سالہ معصوم بچی ہانیہ شامل ہیں۔ مقامی پولیس نے حادثے کی رپورٹ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔