کراچی (کیو این این ورلڈ) متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرا سے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے دو جہاز 10 سے 12 کروڑ لیٹر تیل لے کر بحفاظت کراچی پہنچ گئے ہیں۔ ان جہازوں کو پاک بحریہ کے خصوصی حفاظتی حصار میں کراچی منتقل کیا گیا تاکہ سمندری راستے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
پی این ایس سی حکام کے مطابق فجیرا میں جہازوں پر حالیہ حملوں اور سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تیل بردار جہازوں کی منتقلی کے لیے حفاظتی حصار ناگزیر ہو چکا تھا۔ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ معاونت کے باعث تیل کی یہ بڑی مقدار محفوظ طریقے سے منزل تک پہنچا دی گئی ہے، جس سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز جنید انور نے جہازوں کی محفوظ منتقلی پر پاک بحریہ کے کلیدی کردار کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت خارجہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ایران سے رابطہ کرے تاکہ خلیج فارس میں پھنسے ہوئے پی این ایس سی کے مزید دو جہازوں کو نکالنے کے لیے سفارتی تعاون حاصل کیا جا سکے۔