اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) ایران کی جانب سے خصوصی اجازت ملنے کے بعد دو پاکستانی جہاز آبنائے ہرمز عبور کر کے خلیج فارس سے بحفاظت باہر نکل آئے ہیں، دونوں جہاز 31 مارچ کو پاکستان پہنچیں گے۔
شپنگ ذرائع کے مطابق پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کا جہاز "ملتان” اور ایک چارٹرڈ جہاز "پی الیکی” گزشتہ روز خلیجی ممالک کے قریب سے آبنائے ہرمز کی جانب روانہ ہوئے اور ایرانی حکام کی اجازت کے بعد کامیابی سے اس اہم بحری گزرگاہ کو عبور کر لیا۔
ذرائع کے مطابق چارٹر جہاز "پی الیکی” میں تقریباً ساڑھے 8 کروڑ لیٹر خام تیل لدا ہوا ہے، جو پاکستان کی توانائی ضروریات کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ دونوں جہاز خطے میں جاری کشیدگی اور سکیورٹی خدشات کے باعث گزشتہ ایک ماہ سے خلیج فارس میں رکے ہوئے تھے، جس کے باعث ان کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔
شپنگ حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے خصوصی اجازت ملنے کے بعد جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا گیا، جس کے تحت وہ بغیر کسی رکاوٹ کے آبنائے ہرمز عبور کرنے میں کامیاب رہے۔ اس پیش رفت کو پاکستان کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے نہ صرف توانائی کی ترسیل کا عمل بحال ہوگا بلکہ بحری تجارت میں بھی بہتری آئے گی۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل کی بڑی مقدار کی ترسیل ہوتی ہے۔ اس حساس روٹ پر کسی بھی قسم کی کشیدگی یا رکاوٹ عالمی معیشت پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایران کی جانب سے پاکستانی جہازوں کو اسی نوعیت کی خصوصی اجازت دی جا چکی ہے، جس کے نتیجے میں کئی جہاز محفوظ طریقے سے اپنی منزل تک پہنچے۔ حالیہ پیش رفت کو بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔