اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) مشرق وسطیٰ اور خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے تناظر میں اعلیٰ سطحی سفارتی رابطے جاری ہیں، جس کے تحت ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان نے اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اہم ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ترک وزیر خارجہ دفتر خارجہ پہنچے تو اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کی توثیق کی گئی اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی مجموعی صورتحال، بالخصوص ایران سمیت موجودہ علاقائی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر امن و استحکام کے لیے مکالمے، کشیدگی میں کمی اور سفارتی ذرائع کے مؤثر استعمال پر زور دیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی ہم آہنگی کو فروغ دینے اور مشترکہ چیلنجز کے مقابلے کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس سے قبل مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے بھی دفتر خارجہ میں اسحاق ڈار سے ملاقات کی تھی، جس میں پاکستان اور مصر کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ بھی اسلام آباد پہنچیں گے، جس کے بعد پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے درمیان خطے کی موجودہ صورتحال پر اہم اور مشترکہ مشاورت متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے