تربت (کیو این این ورلڈ) بلوچستان کے شہر تربت کی تحصیل بلیدہ میں دہشت گردوں نے ایک بلوچ خاندان کے گھر پر بزدلانہ حملہ کر کے خواتین اور بچوں سمیت 6 بے گناہ افراد کو بیدردی سے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے پہلے گھر پر مارٹر گولہ پھینکا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 3 زخمی ہوئے۔ سفاکیت کی انتہا کرتے ہوئے حملہ آوروں نے گھر کو مکینوں سمیت آگ بھی لگا دی، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کی ناکہ بندی کر دی اور لاشوں و زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اہل علاقہ نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے کھلی درندگی اور بزدلی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معصوم شہریوں اور بچوں کو زندہ جلانا کسی نظریے کی نہیں بلکہ شکست خوردہ ذہنیت کی علامت ہے اور ایسے عناصر بلوچ شناخت کے نہیں بلکہ بلوچ دشمنی کے علمبردار ہیں جو فتنہ الہندوستان کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

مقامی عمائدین کا کہنا ہے کہ اپنی ہی سرزمین کے بیٹوں اور بیٹیوں کو آگ میں جھونکنے والے کسی کاز کے نمائندے نہیں ہو سکتے۔ بلوچ قوم اب ان انسانیت کے قاتلوں کو پہچان چکی ہے اور وقت آ گیا ہے کہ ان عناصر کو مکمل طور پر بے نقاب کیا جائے۔ پولیس حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے