لنڈی کوتل: ٹرانسپورٹرز کا احتجاج، پھنسی گاڑیوں کی واپسی کا مطالبہ

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ)پاک افغان شاہراہ پر ٹرانسپورٹ یونین کے رہنماؤں نے تورخم بارڈر کھولنے اور افغانستان میں پھنسی گاڑیوں کو پاکستان میں داخلے کی اجازت دینے کے لیے پرامن احتجاج کیا اور تورخم کے قریب ریلی بھی نکالی۔

احتجاجی مظاہرہ خیبر ٹرانسپورٹ یونین کے صدر حاجی رحمان زیب افریدی کی قیادت میں کیا گیا، جبکہ دیگر رہنماؤں میں حاجی بختیار ملاگوری، قاری نظیم گل شینواری اور دیگر شامل تھے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کو چھ ماہ گزر جانے کے باوجود درجنوں خالی مال بردار گاڑیاں اب بھی افغان حدود میں پھنسی ہوئی ہیں، جس کے باعث ٹرانسپورٹرز کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس صورتحال کے خلاف لنڈی کوتل کے باچا خان چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جہاں مظاہرین نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مسلسل تاخیر کی وجہ سے ان کا کاروبار بری طرح متاثر ہو چکا ہے اور انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

ٹرانسپورٹ یونین کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ افغان سائیڈ پر پھنسی خالی گاڑیوں کو فوری طور پر راستہ دے کر پاکستان داخل ہونے کی اجازت دی جائے تاکہ مزید مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

رہنماؤں نے دونوں ممالک کی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو سنجیدگی سے لیں اور جلد از جلد حل نکالیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

خیبر ٹرانسپورٹ یونین کے صدر حاجی رحمان زیب افریدی نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے مسائل اجاگر کرے گی اور باہمی مشاورت سے مؤثر حکمت عملی اختیار کرے گی۔

ٹرانسپورٹ یونین کے رہنماؤں نے بھرپور میڈیا کوریج پر ڈسٹرکٹ پریس کلب لنڈی کوتل کے صحافیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے