کراچی (کیو این این ورلڈ) شہر کے صنعتی علاقے سائٹ ایریا میں قائم ایک ٹیکسٹائل فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جسے فائر بریگیڈ حکام نے تیسرے درجے کی آگ قرار دے دیا ہے۔ آگ بجھانے کے لیے شہر بھر سے فائر ٹینڈرز، اسنارکل اور واٹر باوزرز طلب کر لیے گئے ہیں۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں احمد کے مطابق ابتدائی طور پر 6 فائر ٹینڈرز آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ شعلوں کی شدت کے پیش نظر مزید امدادی گاڑیاں بھی روانہ کی گئی ہیں۔ فیکٹری کے اندر موجود آتش گیر مواد کے باعث آگ تیزی سے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم فائر فائٹرز آگ کو محدود کرنے کے لیے بھرپور کارروائی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب انسپکٹر جنرل سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام کو متاثرہ مقام پر پہنچنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ آئی جی سندھ نے حکم دیا ہے کہ فیکٹری اور اس کے اطراف کے علاقوں کو محفوظ بنایا جائے، ٹریفک کی روانی کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل انتظامات کیے جائیں۔
ریسکیو اور امدادی ادارے موقع پر موجود ہیں جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق آگ پر مکمل قابو پانے تک کولنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔